پاکستان کے صوبہ سرحد کے علاقے لوئر دیر میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کے قریب ایک دھماکے میں حکام کے مطابق تین امریکی فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک
اور ستّر زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں مقامی سکول کی تین بچیاں بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سکول کی طالبات کے علاوہ ایک امریکی فوجی، پاکستانی فوج کے ایک کرنل اور پانچ سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس سربراہ ممتاز زرین نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ شاہی کوٹہ میں بلام بٹ کے مقام پر پیش آیا اور اس دھماکے میں سے قریب واقع لڑکیوں کے ایک سکول کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی طالبات ملبے تلے دب گئیں۔
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ہلاک شدگان میں امریکی فوج کے تین میرینز بھی شامل ہیں جبکہ ایک امریکی فوجی اس دھماکے میں زخمی ہوا ہے۔
اس سے قبل دیر کے ڈی پی او نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں کا تعلق یو ایس اے آئی ڈی سے تھا جو میدان میں ایک سکول کے معائنے کے لیے جارہے تھے۔ پولیس سربراہ کے مطابق دھماکے میں یو ایس ایڈ کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ تین فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
خیال ہے کہ یہ دھماکہ ریمورٹ کنٹرول بم سے کیا گیا۔ اس دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس سرچ آپریشن شروع کیا ہے اور ابھی تک مختلف علاقوں سے پچیس مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔