راولپنڈی: آر پی او راولپنڈی محمد اسلم ترین نے کہا ہے کہ جہلم سے اغوا ہونے والے برطانوی بچے کی بازیابی کے لئے جلد بازی نہیں کررہے۔ راولپنڈی میں ٹریفک پولیس وارڈن کے دربار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں آر پی او نے کہا کہ جہلم سے اغوا ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی بچے کی بازیابی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، کچھ مزید افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔
محمد اسلم ترین کا کہنا تھا کہ بچے کی زندگی عزیز ہے اس لئے جلدبازی نہیں کر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی ایجنسیوں کی مدد بھی لی گئی ہے اور جلد ہی بچے کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔ آر پی او نے وضاحت کی کہ پولیس مغوی بچے کا تحفظ یقینی بنانا چاہتی ہے۔