لاہور:خودکش حملہ،تیرہ افراد جاں بحق

نشر من طرف shahzad في 8 March 2010

لاہور: ماڈل ٹاؤن لاہور میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی خصوصی تحقیقاتی سنٹر سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں تیرہ افراد جاں بحق اور سڑسٹھ زخمی ہو گئے، ہر طرف تباہی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق صبح آٹھ بج کر سترہ منٹ پر کے بلاک ماڈل ٹاؤن میں خصوصی تحقیقاتی سنٹر کی عمارت پر خودکش حملہ کیا گیا۔ دھماکہ اس قدر خوفناک تھا کہ کئی کلو میٹر دور تک اس کی آواز سنی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ڈبل کیبن گاڑی کو اس حملے میں استعمال کیا گیا، جو پندرہ منٹ تک ایک قریبی پٹرول پمپ پر کھڑی رہی، جس کو تفتیشی مرکز کے گیٹ کے بیرئیر سے ٹکرا کر اڑا دیا گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریب واقع جناح ہسپتال پہنچایا۔ ڈی سی او سجاد احمد بھٹہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے وقت متاثرہ عمارت میں ستر افراد موجود تھے اور دھماکے میں چھ سو کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ دھماکے سے اٹھائیس فٹ چوڑا اور بارہ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ کمشنر لاہور خسرو پرویز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے لاہور میں داخلے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور نے بتایا کہ حملے کے وقت سنٹر میں کسی اہم کیس میں ملوث کوئی ملزم زیر تفتیش نہیں تھا۔

أترك تعليقا