پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چھبیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ اس فوجی ہیلی کاپٹر میں چھبیس اہلکار سوار تھے اور حادثے میں تمام افراد ہلاک ہو گئے۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل اطہر عباس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر اورکزئی ایجنسی اور خیبر ایجنسی کی سرحد پر گرا ہے اور اس میں بیس سے پچیس تک اہلکار اور افسر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کُرم ایجنسی سے پشاور جا رہا تھا کہ راستے میں اسے حادثہ پیش آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی اس حادثے میں زخمی یا ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں کچھ کہا جا سکتا ہے۔ میجر جنرل اطہر عباس نے بتایا کہ فوجی جوان جائے حادثہ پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اورکزئی ایجنسی میں پاکستانی فوج باقاعدہ طور پر آپریشن تو نہیں کر رہی لیکن چند ہفتے قبل پاکستانی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے اپر اورکزئی ایجنسی میں مشتبہ طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس میں دو شہریوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

