رسالت

تصفح حسب التصنيف ...

 

کراچی میں ہمارے لوگوں کو تھانوں اور جیلوں میں بھی مارا جارہا ہے، حاجی عدیل

Wednesday 8 June 2011

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے اراکین نے سند ھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے اپنی جماعت کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف سینٹ اجلاس سے واک آئوٹ کیا ،حاجی عدیل نے کہا ہے کہ جب تک سندھ میں پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ اپنا رویہ بہتر نہیں کرتی ،سینٹ میں بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رہے گا، دوسری طرف ایم کیو ایم کے بابر غوری نے کہا کہ اے این پی کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کررہی ہے، بدھ کے روز سینٹ اجلاس کے دوران نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے  اے این پی کے پارلیمانی لیڈر حاجی عدیل نے کہا کہ کراچی میں ہمارے کارکن اغواء کاروں کو پکڑتے ہیں تو الٹا ہمارے لوگوں کے خلاف ہی کارروائی ہوتی ہے ،کراچی میں پورٹس اینڈ شپنگ میں ہماری تنظیم کو ختم کیا جارہا ہے ،کے ای ایس سی سے ہمارے لوگوں کو نکالا جارہا ہے جبکہ شہری حکومت میں بھی پختون ملازمین کے ساتھ اچھاسلوک نہیں ہوتا،حاجی عدیل نے کہا کہ کراچی میں ہمارے لوگوں کو تھانوں اور جیلوں میں بھی مارا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں ایم کیو ایم کے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں جب تک سندھ میں پیپلز پارٹی ہماری جماعت اور کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک بند نہیں کرتی ہم بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔  اس کے ساتھ ہی اے این پی کے سینیٹرز سینٹ اجلاس سے واک آئوٹ کر گئے ،بعد ازاں ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اے این پی جرائم پیشہ افراد کا ساتھ چھوڑ دے،انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ایک بیوہ کی مدد کے کئے گئے تو انہیں کچھ لوگوں نے حبس بے جا میں رکھا ،بعد میں وہ اے این پی کے دفتر سے برآمد ہوئے ،انہوں نے کہا کہ اسفند یار ولی اس صورت حال کا جائزہ لیں اور اپنی پارٹی کے لوگوں پر نظر رکھیں،اے این پی کے لوگ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینا چھوڑ دیں ورنہ صورت حال مزید خراب ہو جائیگی۔  انہوں نے کہا کہ اے این پی ہرواقعہ کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کر دیتی ہے۔

پاکستان ایک مسلمہ ایٹمی طاقت ہے۔ دفتر خارجہ

Wednesday 8 June 2011

اسلام آباد ۔ ایرانی صدر احمدی نژاد کے پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مسلمہ ایٹمی طاقت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ریاست ہے جو ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اسٹریٹجک پروگرام پر تبصرہ نہیں کرتے۔ ایرانی صدر احمد نژاد نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو کمزور کیا جا سکے۔

مسلم لیگ ن اور اس کی حمایتی اپوزیشن جماعتوں نے سینٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا اور اجلاس سے واک آئوٹ کیا۔

Wednesday 8 June 2011

اسلام آباد ۔ سینٹ میں جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری کو قائد حزب اختلاف مقرر کئے جانے کے خلاف مسلم لیگ ن اور اس کی حمایتی اپوزیشن جماعتوں نے سینٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا اور اجلاس سے واک آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سینٹ اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ ن جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق کے ناراض ارکان نے ایک بار پھر قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور بعدازاں ایوان سے واک آئوٹ کیا جبکہ اپوزیشن اراکین کی طرف سے عبدالغفور حیدری کو قائد حزب اختلاف نامزد کرنے کے فیصلے کیخلاف احتجاج اور دیگر اراکین کے مشورے پر چیئرمین سینٹ نے معاملے کا ازسرنو جائزہ لینے اور اس معاملے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا تاہم اس کے باوجود مسلم لیگ ن اور اس کے حمایتی اپوزیشن اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا اور سینٹ سے واک آئوٹ کیا۔

امریکی ڈرون حملوں کے دوران کیمیائی مواد استعمال کیاجاتا ہے

Wednesday 8 June 2011

تہران: پاکستانی ڈاکٹروں اور ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے دوران کیمیائی مواد استعمال کیاجاتا ہے جس سے لوگ جلد ، بینائی اور سانس لینے جیسی موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے دوران جو لوگ  زخمی ہوتے ہیں ان کے زندہ یا مر جانے کے بارے میں کوئی رپورٹ  منظر عام پرنہیں لائی جاتی ۔  یہ انکشاف ایرانی خبررساں ادارے فارس  نیوز ایجنسی نے پاکستانی ڈاکٹروں ماہرین کے حوالے سے کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ پاکستان میں  ڈرون  حملوں میں کیمیائی مواد استعمال کرتا ہے، یہ حقیقت ہے کہ جو بھی پاکستانی شہری  امریکی ڈرون حملوں میں زخمی ہوئے  وہ مختلف جلدی ، بینائی اور سانس لینے  کے  امراض میں مبتلا ہوگئے ۔  اس پر پاکستانی ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ ان ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے ، خبررساں ادارے نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے  پاکستان  میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال اس وقت سے کیا جارہا ہے  جب سے قبائلی علاقوں  پر میزائل حملے  شروع کئے گئے  ان میزائلوں سے  زخمی ہونیوالوں کے مردہ یا زندہ  ہونے کا اعلان نہیں کیاجاتا ۔  ایک پاکستانی ڈاکٹر نے  اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈرون حملوں سے  زخمی ہونے والوں کی بڑی تعداد  ان میزائل حملوں میں استعمال کئے جانے والے کیمیائی مواد سے  انتہائی پیچیدہ  اور مہلک امراض کا شکار ہوجاتے ہیں ۔  پشاور کے  ایک بڑے ہسپتال  کے ڈاکٹر بھی اس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے  پائے گئے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ پشاو ر کے علاوہ  خیبر پختونخواہ کے مختلف  شہروں میں  امریکی ڈرون  حملوں میں زخمی ہونے والوں کے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔ ایک اور  ڈاکٹر نے بھی اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکی میزائل حملوں کے دوران ایسے ثبوت سامنے آئے ہیں جن کو دیکھنے کے بعد یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ ڈرون حملوں کے دوران  امریکہ انتہائی مہلک کیمیائی مواد استعمال کرتاہے تاکہ ان حملوں میں  زخمی ہونے والے افراد اپنی باقی ماندہ زندگی سسک سسک کر گزاریں ۔  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں کیخلاف پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت بھی احتجاج کرچکی ہے جبکہ اس کے علاوہ پاکستانی عوام  میں بھی ان حملوں کیخلاف سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔

اٹھارویں ترمیم پر عملدرآمد کیلئے قائم کمیشن کا اجلاس جمعرات کو ہوگا

Wednesday 8 June 2011

اسلام آباد ۔ اٹھارویں ترمیم پر عملدرآمد کیلئے قائم کمیشن کا اجلاس جمعرات کو ہوگا جس میں آخری مرحلے میں صوبوں کو منتقل کی جانے والی وزارتوں میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس میں سینیٹر رضاربانی کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں وزارت خوراک وزراعت اور وزارت اقلیتی امور کے حکام کی جانب سے کئے جانے والے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ان وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

لاہورہائی کورٹ میں صدر، وزیراعظم ، وزرائےاعلی سمیت ارکان پارلیمنٹ کی مراعات کو چیلنچ کردیا گیا ہے۔

Wednesday 8 June 2011

لاہور: لاہورہائی کورٹ میں صدر، وزیراعظم ، وزرائےاعلی سمیت ارکان پارلیمنٹ کی مراعات کو چیلنچ کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق درخواست گذار اے کے ڈوگر کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ تمام اہم سیاسی شخصیات کی مراعات ختم کرکے رقوم تعلیم اور ترقیاتی کاموں پرلگائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ پر اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں جو غریب عوام کےحقوق کی حق تلفی ہےان حکام کو دی جانےوالی اضافی مراعات کو ختم کرکے ان سےملنےوالی رقم تعلیم اور دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جون کو طلب کر لیا ہے۔

اگر الیاس کشمیری واقعی ہلاک ہو چکے ہیں تو ان کی میت ورثاء کے حوالے کی جائے۔ ب

Tuesday 7 June 2011

اسلام آباد ۔ جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے انتہائی مطلوب شدت پسند الیاس کشمیری کے اہلِ خانہ نے کہا ہے کہ انھیں ہلاکت کے بارے میں ٹھوس شواہد فراہم کیے جائیں اور اگر الیاس کشمیری واقعی ہلاک ہو چکے ہیں تو ان کی میت ورثاء کے حوالے کی جائے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق الیاس کشمیری کے بڑے بھائی چوہدری اصغر کا کہنا ہے ‘ہمیں ان (الیاس کشمیری) کی ہلاکت کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے توسط سے پتہ چلا ہے لیکن کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی چنانچہ ہمارے لیے یہ طے کرنا مشکل ہے کہ الیاس کشمیری حقیقتاً ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ (الیاس کشمیری) واقعی ڈرون حملے میں شہید ہوچکے ہیں تو ہمیں ان کی میت دکھائی جائے۔ ہم نے کفن میں لپٹی ہوئی بہت ساری میتیں ٹی وی پر دیکھیں لیکن ہمیں کیا پتہ وہ کون ہیں۔ اگر میت قابل شناخت نہیں تو پھر ڈی این اے ٹیسٹ یا کسی اور ذریعے سے پتہ چلایا جائے کہ کیا ہلاک ہونے والے واقعی الیاس کشمیری ہی ہیں۔ ذرائع ابلاغ میں الیاس کشمیری کی ہلاکت کی خبر جاری ہونے کے بعد سے ان کی اہلیہ صدمے کی حالت میں ہیں۔وہ بہت پریشان ہیں، وہ بات بھی نہیں کرسکتی ہیں اور وہ رو رہی ہیں کہ ان کے بچوں کا کیا ہوگا۔ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ چوہدری اصغر کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ان کے بھائی کی ہلاکت کی خبریں آئیں لیکن بعد میں وہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ایک بار پھر ان کی موت کی خبریں آرہی ہیں اور اس صورت حال کی وجہ سے خاندان کے تمام لوگ پریشان ہیں اور وہ مسلسل کرب سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے بھائی کی موت واقع ہو چکی ہے تو ان کی میت لواحقین کے حوالے کی جائے۔ ‘ہمیں ان کی میت دی جائے تاکہ ہم ان کو اپنے آبائی وطن میں دفنا سکیں اور ہمیں اطمینان ملے۔’الیاس کشمیر کی اہلیہ اور ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بھمبر میں ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہائش پذیر ہیں۔ان کا گاؤں متنازعہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کبھی اپنے بنیادی قومی سٹرٹیجک مفادات کو دائو پر نہیں لگنے دیا ، اشفاق پرویز کیانی

Tuesday 7 June 2011

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کبھی اپنے بنیادی قومی سٹرٹیجک مفادات کو دائو پر نہیں لگنے دیا ، فوج کی آپریشنل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری کیلئے کوشاں ہیں جبکہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لئے سول حکومت کی مدد کی جارہی ہے ۔عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیرتربیت فوجی افسران سے خطاب اور ان کے تند وتیز سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فوج آئین میں دیئے گئے اپنے کردار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور ہمارے نزدیک ملکی دفاع اور سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔  انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ اور عالمی اتحادیوں سے تعاون پر کہا کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی اور پر تشدد انتہا پسندی کی جنگ اکیلے نہیں جیت سکتا ،اس جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد ملک اور معاشرے کو قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانا ہے اور اس سلسلے میں ہمیں واضح کامیابی ملی ہے ۔  آن لائن کے مطابق زیر تربیت فوجی افسران نے جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ایبٹ آباد آپریشن پر بھی سخت سوالات کئے جن کا انہوں نے تحمل سے جواب دیا اور کہا اس معاملے پر عسکری اور سیاسی قیادت نے امریکہ سمیت سب کو اپنے قومی نقطہ نظر سے آگاہ کر دیا ہے ۔  انہوں نے قومی دفاع کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زورد یا اور کہا کہ محدود وسائل کے باوجود فوج کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے اور فوج کے تربیتی پروگرام اور مشقیں اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہیں ،جنرل کیانی نے بلوچستان میں امن کے قیام سے متعلق کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون جاری ہے ،صوبے میں بلوچ نوجوانوں کی فوجی تعلیمی اداروں میں تربیت اور فوج میں بھرتی کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ ہم انھیں قومی دھارے میں لائیں اور انھیں بھی اعلی تعلیم کے مواقع حاصل ہوں۔  انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر فوج کی جگہ ایف سی کو کنٹرول دیا گیا ہے اس سے قبل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے ان کا استقبال کیا ۔

پاکستان میں یوکرائن کے سفیر اسلام آباد میں انتقال کرگئے ۔

Tuesday 7 June 2011

اسلام آباد ۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر لہور پاسکو اسلام آباد میں انتقال کرگئے ۔ انہوں نے پاکستان اور یوکرائن کے درمیان تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ۔ یوکرائن کے سفارتخانے کے مطابق پاکستان میں یوکرائن کے سفیر کی ٹانگ میں انفیکشن کے باعث انہیں اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ابھی تشخیص کی جارہی تھی کہ وہ جانبر نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے سفارتخانے کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اتنی اہم شخصیت کے میڈیکل ٹیسٹوں میں تاخیر کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا جو انتہائی افسوس ناک ہے سفارتخانے کے مطابق ان کی میت یوکرائن لے جانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔

حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ ایڈ نہیں ٹریڈ کو توسیع دیتی ہے اور امریکہ کے ساتھ جلد آزاد تجارت کا معاہدہ چاہتے ہیں ،گیلانی

Tuesday 7 June 2011

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ  ایڈ نہیں ٹریڈ کو توسیع  دیتی ہے اور امریکہ کے ساتھ جلد آزاد تجارت کا معاہدہ چاہتے ہیں ،طویل المیعاد شراکت داری کے لئے امریکہ کو پاکستانی عوام کے جذبات کا خیال رکھنا ہوگا، عوام ریمنڈ ڈیوس کے خلاف مکمل تحقیقات کی توقع رکھتے ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹرڈون لمبورن کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آنے والے امریکی کانگریس کے وفدکے ساتھ ملاقات میں کیا۔  انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ جلد آزاد تجارت کا معاہدہ چاہتا ہے تاکہ ملک کے اندر معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور بالخصوص عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکے۔  وزیر اعظم نے  پاکستان امریکہ کے درمیان غلط فہمی پائے جانے والے تاثر کی نفی کی ہے۔  انہوں نے کہاکہ پاکستان میں امریکہ کی موجودگی پاکستانی عوام کے امن و خوشحالی کے ذریعے کے طور پر دیکھی جانی چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ بالخصوص امریکی کانگریس کو باہمی اعتماد ‘ احترام اور مفادات کے تحت طویل المدت سٹریٹجک شراکت داری کے لئے پاکستانی عوام کے جذبات کا خیال رکھنا چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام توقع رکھتے ہیں کہ امریکہ اپنے قانون کے تحت ریمنڈ ڈیوس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گا ۔  انہوں نے کہا کہ سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی منظوری ‘ کولیشن سپورٹ فنڈز کی روکی گئی رقم کی فراہمی اور کیری لوگر بل کے فنڈز سے عام لوگوں کی زندگی  پر براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس سے پاکستان کے اندر امریکہ کا تشخص  بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔  انہوں نے کہاکہ دونوں اطراف سے مثبت پیغام رسانی کی ضرورت ہے تاہم بعض اقدامات سے پاکستان کے اندر امریکہ کے تشخص اور تعلقات متاثر ہوئے، انہوں نے پاکستان کی جانب سے مالی و جانی نقصانات کے باوجود دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے مشترکہ دشمن کو شکست دینے کیلئے امریکہ کے ساتھ تعاون کے مضبوط عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے افغان صدر  حامد کرزئی کے مجوزہ دورہ پاکستان اور اس دوران پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ شروع کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان اور امریکہ  افغانستان میں قیام امن کے لئے کور گروپ کا حصہ ہیں۔  اس موقع پر امریکی کانگریس کے وفد نے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہائی  پسندی کے خلاف جنگ میں  اہم ملک قرار دیا اور اس جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی فورسز اور سویلین کی قربانیوں کو سراہا  اور یقین دلایا کہ بعض کانگریس ارکان کی مخالفت کے باوجود پاکستان کی معاشی مدد جاری رکھی جائے گی ۔