آر پی او گوجرانوالہ ذوالفقارچیمہ تبدیل

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

گوجرانوالہ: ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ذوالفقار چیمہ کو تبدیل کردیا گیا۔آر پی او گوجرانوالہ ذوالفقار چیمہ کو تبدیل کرکے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس تعینات کیا گیا ہے، ان کی جگہ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور طارق مسعود یاسین کو آر پی او گوجرانوالہ تعینات کرکے انہیں سٹی ٹریفک پولیس چیف کا بھی اضافی چارج دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس رانا محمد اسلم کو ڈی آئی جی ایڈمن گوجرانوالہ تعینات کردیا گیا۔ اس سے پہلے ذوالفقار چیمہ کے پاس آر پی او گوجرانوالہ کے ساتھ ڈی آئی جی ایڈمن اور سٹی ٹریفک پولیس چیف کا بھی چارج تھا۔

سبی: سی ون تھرٹی کے ذریعے متاثرین کیلئے امداد

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

سبی: متاثرین سیلاب کے لیے سی ون تھرٹی طیارے سے ایک لاکھ ستائیس ہزار پاوٴنڈ امداد سبی ایئرپورٹ پہنچ گئی۔پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر عباس نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مزید طیارے امدادی سامان لے کر سبی پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سامان متاثرین سیلاب کے لیے ڈیرہ الہ یار، اوستہ محمد، جعفرآباد، صحبت پور، روجھان جمالی، بختیار آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقسیم کیا جارہا ہے۔ اب تک نو سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے ایک لاکھ ستائیس ہزار ایک سو پاؤنڈ امدادی سامان پہنچ چکا ہے۔

ونگ کمانڈر عباس نے بتایا کہ برادر اسلامی ملک ترکی سے فیلڈ اسپتال چھ سو پاؤنڈ دوائیں لے کر سبی پہنچ گیا ہے۔ ترک میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ فیلڈ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں قائم کیا جائے گا۔

پشاور: متنی بازار میں دھماکا

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

پشاور: پشاور میں متنی بازار میں دھماکاکے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ آج  پشاور میں متنی بازار میں  ریموٹ کنٹرول دھماکا ہواجس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔دھماکے سے مقامی امن کمیٹی کے ارکان کونشانہ بنایا گیا۔

کراچی: فائرنگ، رکن قومی اسمبلی کے بھائی جاں بحق

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

کراچی: کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی پرویز خان کے چھوٹے بھائی آصف خان جاں بحق ہوگئے۔ آصف خان کوپرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جاں بحق کیا۔ اے این پی کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔مقتول آصف خان سٹی گورنمنٹ میں ملازم تھے۔

محکمہ آبپاشی کی رپورٹ غلط ثابت ہوئی، قائم علی شاہ

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متعلق محکمہ آبپاشی کی رپورٹ غلط ثابت ہوئی۔ حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود چاول، کپاس اور گنے کی فصل تباہ اور چار لاکھ مویشی ہلاک ہوگئے۔گورنر سندھ کے طلب کردہ اجلاس سے خطاب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں نقصان کا تخمینہ پچاس ارب روپے سے زائد ہے۔ متاثرین کی واپسی میں چھ ماہ سے زائد عرصہ لگے گا۔

اجلاس میں ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ صالح فاروقی اور فائیو کور کے نمائندے نے بتایا کہ سیلاب سے ساڑھے سات لاکھ ایکڑ رقبے پر فصلیں تباہ ہوئیں۔ قومی شاہراہ کو پانچ مقامات پر زبردست نقصان پہنچا۔ پندرہ سو سترہ کلو میٹر رابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہوگئیں۔

اس سے پہلے لاڑکانہ میں عاقل بند کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے لاڑکانہ اور حیدرآباد سمیت کسی بڑے شہر کو خطرہ نہیں۔

متاثرین میں اسی لاکھ بچے شامل ہیں، اقوام متحدہ

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

اسلام آباد: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ اڑسٹھ لاکھ ہو گئی جن میں اسی لاکھ بچے شامل ہیں، بتیس لاکھ ہیکٹر رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے نمائندوں نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ ستر لاکھ متاثرین سیلاب کو پناہ گاہیں فراہم کرے گی، دس لاکھ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔عالمی ادارہ برائے خوارک سولہ لاکھ افراد میں خوراک تقسیم کر رہا ہے۔ پانچ ہیلی کاپٹرز کے زریعے ایک لاکھ چالیس ہزار لوگوں تک پہنچیں گے جن تک رسائی نہیں ہو سکی۔ ڈبلیو ایچ او تمام سیلاب سے متاثرہ تمام اضلاع میں طبی مراکز قائم کر رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ اور خیبر پختوانخواہ میں دو لاکھ مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ متاثرہ اسکولوں کی تعداد سات ہزار ایک سو تہتر تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں سیلاب سے انتالیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ پندرہ دنوں میں پاکستان میں لو سے ہائی فلڈ رہے گا۔

الطاف حسین کا بیان آئین سے انحراف کا راستہ ہے، کائرہ

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو جمہوریت پہلے ہی بڑی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے، الطاف حسین کا بیان آئین سے انحراف کا راستہ ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان بر تعجب ہوا ہے۔ وہ ہمارے اتحادی ہیں ان سے بات کی جائے گی۔

سیلاب پر بریفنگ دیتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اس وقت کوٹری بیراج پر پانی کی سطح آٹھ لاکھ اکانوے ہزار چار سو پچاس کیوسک ہے اور آئندہ تین سے چار دن میں یہ سطح نو لاکھ کیوسک سے بلند ہو سکتی ہے۔ کونسل بنانے میں نواز شریف کی اسی فیصد تجاویز تسلیم کرلیں۔ نیشنل اوورسائٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کونسل منصفانہ طریقے سے صوبوں کو نقصان کے مطابق امداد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سْتلج میں پانی چھوڑنے کے امکان پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ راوی میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان ابھی نہیں تاہم دریائے جہلم میں شدید بارشوں میں اضافہ کے بعد سیلاب متوقع ہے تاہم ابھی خطرے کی بات نہیں۔ شہباز شریف کی جانب سے این ڈی ایم اے کی قانونی حیثیت کی بات اس وقت غیرمناسب ہے۔

الطاف حسین کے بیان پرافسوس ہوا، نواز

نشر من طرف shahzad في 23 August 2010

اسلام آباد: الطاف حسین کے بیان پر نواز شریف کا اظہار حیرت۔ مارشل لاء نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔ اٹھارہ ویں ترمیم پر دستخط کرنیوالے آئین توڑنے کی بات کیوں کرتے ہیں۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے مارشل لا کے نفاذ سے متعلق اظہار خیال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی حکمرانوں نے ملک توڑا، نظام برباد کیا اور بھارت سے تین جنگیں لڑیں۔

سیلاب سے گلگت بلتستان کا انفرا اسٹرکچر تباہ

نشر من طرف shahzad في 22 August 2010

گلگت: سیلاب سے گلگت بلتستان کا انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ تین ہفتے بعد بھی زمینی راستے منقطع ہیں۔ علاقے میں کھانے پینے کے سامان اور ایندھن کی شدید قلت ہے۔ خطے کی تاریخ کے تباہ ترین سیلاب سے گلگت کے چار سو دیہات بہہ گئے۔ ہزاروں مکانات تباہ اور ایک سو تراسی افراد جاں بحق ہوئے لیکن تباہی کا سلسلہ ابھی رکا نہیں۔ جو لوگ زندہ بچ گئے انہیں کھانے پینے کے سامان اور ایندھن کی کمی کا سامنا ہے۔ فراہمی آب کا نظام تباہ ہو گیا ہے۔ لوگ پانی کے حصول کیلئے دریائے گلگت یا قریبی ندی نالوں کا رخ کر رہے ہیں۔

گلگت بلتستان میں دو ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں بہہ گئیں اور ایک سو بیاسی رابطہ پل تباہ ہوئے۔ گلگت اور اسکردو کو اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ قرا قرم بھی تین ہفتے سے بند ہے۔ امدادی سامان ہیلی کاپٹروں اور پاک فوج کے سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے ہی پہنچایا جا رہا ہے لیکن مون سون اور موسم خراب ہونے پر اس میں بھی تعطل آ جاتا ہے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کا کام تو شروع کر دیا ہے لیکن ایندھن کی کمی کے باعث اب تک یہ کام بڑے پیمانے پر شروع نہیں کیا جاسکا۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان میں گیس اسٹیشن اور پیڑول پمپ بند پڑے ہیں۔ سیلاب نے جہاں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تو خوراک کی قلت نے متاثرین کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

سیالکوٹ واقعہ: عوام تعاون کریں، رحمان ملک

نشر من طرف shahzad في 22 August 2010

سیالکوٹ: وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں تشدد سے دو بھائیوں کی ہلاکت میں ملوث دس ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ملزمان کو چوراہے پر سزا دینی چاہیے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور لیاقت بلوچ نے سیالکوٹ میں قتل کیے گئے دو بھائیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ پولیس جرم میں برابر کی شریک ہے۔ تشدد میں ملوث دس ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام تحقیقاتی کمیٹی سے تعاون کریں۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے پوری قوم کی طرف سے لواحقین سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے واقعے کا از خود نوٹس لیا جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ میڈیا نے کردار ادا کردیا اب حکومت کردار ادا کرے۔